دو ریاستی حل پر اقوام متحدہ کی کانفرنس 22 ستمبر کو ہوگی

ہفتہ 6 ستمبر 2025 08:20

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نےایک ووٹنگ کے ذریعے دو ریاستی حل پر اعلیٰ سطحی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس 22 ستمبر کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ عمل اس برس موسم گرما کے دوران مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی پرتشدد صورتحال کے باعث معطل کر دیا گیا تھا۔عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ سعودی عرب اور فرانس کی جانب سے پیش کردہ ایک تجویز کے تحت کیا گیا، جسے اسرائیل اور امریکہ کی سخت مخالفت کے باوجود منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک نے اس فیصلے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو سیاسی طور پر جانبدار اور امن کی کوششوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔فلسطین کے مسئلے کے پرامن حل کے لیے منعقدہ یہ اعلٰی سطحی بین الاقوامی کانفرنس پہلی بار جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے دوران منعقد ہوئی تھی، تاہم 30 جولائی کو اسے معطل کر دیا گیا تھا۔ اب یہ کانفرنس جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے دوران دوبارہ منعقد ہو گی، جس میں سربراہانِ مملکت اور حکومتوں کی سطح پر شرکت متوقع ہے، تاکہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے ایک فوری عالمی کوشش کو فروغ دیا جا سکے۔