لاہور سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺبھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) لاہور سمیت ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی ﷺبھرپور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منایا گیا، مساجد، محلوں اور اہم سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجاوٹ جبکہ میلاد کی محافل کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں تبدیل کرنے والے محسن انسانیت، محبوب خدا، آقائے دوجہاں، خاتم النبین والمرسلین حضرت محمد مصطفی ﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے میلاد النبیۖ کے سلسلے میں ملک بھر میں میلاد اور دروس کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔

عید میلاد النبیﷺکے سلسلے میں عاشقان مصطفی ۖ نے گلیوں اور بازاروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا، اسی طرح مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں پر بھی خوبصورت چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔

(جاری ہے)

نبی کریم ﷺسے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام گلی محلوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے، جن میں شریک ہر شخص کے منہ پر سرکار کی آمد مرحبا کا ورد تھا اس کے علاقے عاشقان رسولۖ کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئیں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

عاشقان رسول ۖ کی ولادت باسعادت کے موقع پر حضور کی بارگاہ میں درود و سلام اور نعت رسول مقبول ۖ کے گلہائے عقیدت پیش کی۔عید میلاد النبی ۖ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے لاہورسمیت دیگر بڑے شہروں میں سکیورٹی کے مکمل انتظامات کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :