Live Updates

ْوزیراعلیٰ پنجاب کی سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ، جلالپور سے انخلاء آپریشن کی ورچوئل نگرانی

پیر 8 ستمبر 2025 17:10

ْوزیراعلیٰ پنجاب کی سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ، جلالپور سے انخلاء ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ میں مصروف ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جنوبی پنجاب میں آنے والے حالیہ سیلاب کے پیش نظر ریسکیو و انخلا آپریشنز کی خود نگرانی کی، وہ ملتان کے متاثرہ علاقوں کی لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹس لے رہی ہیں اور صورتحال کی براہ راست مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے تحصیل جلالپور پیر والا سے متاثرہ افراد کے انخلاء کے عمل کو ورچوئل طور پر مانیٹر کیا جس میں انہوں نے انتظامیہ کو فوری اور موثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک تقریباً 2,000افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، متاثرین کی حفاظت اور فوری امداد ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122اور ضلعی انتظامیہ جلالپور پیر والا میں پوری طرح سرگرمِ عمل ہے، وزیراعلی کی ہدایت پر کمشنر ملتان، آر پی او اور دیگر اعلی حکام موقع پر موجود ہیں اور آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن جاری رہے گا تاکہ نقصان سے بچا جا سکے، تھرمل امیجنگ ڈرونز کے ذریعے علاقے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعلی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور ہر متاثرہ خاندان کو فوری مدد فراہم کی جائے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات