Live Updates

پشاور، پشتخرہ سرکل پولیس کا آپریشن، تاوان کی غرض سے اغواء ہونے والے دو شہری بازیاب، گینگ کا سرغنہ گرفتار

ہفتہ 6 ستمبر 2025 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) پشاور کے پشتخرہ سرکل پولیس نے کامیاب آپریشن کے دوران تاوان کی غرض سے اغواء ہونے والے دو شہری بازیاب کرکے گینگ کا سرغنہ گرفتار کر لیا۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی ایس پی پشتخرہ سرکل محمد اشفاق خان کی قیادت میں ایس ایچ او تھانہ سربند فواد خان، ایس ایچ او تھانہ پشتخرہ عمران خان اور دیگر پولیس نفری نے انٹیلیجنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران اہم کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران تاوان کی غرض سے اغواء کئے گئے دو شہری زبیر ولد داؤد شاہ اور مصطفیٰ ولد غلام کو باحفاظت بازیاب کرایا گیا جبکہ گینگ کا سرغنہ حضرت بلال ولد نواز خان کو گرفتار کر لیا گیا۔ اغواء کار گینگ نے دونوں شہریوں کو تھانہ سربند کی حدود باڑہ روڈ سے اغواء کرکے بھاری 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ مغویوں کو پھندو کے علاقہ شاہ ڈھنڈ میں ایک رہائشی مکان میں ہتھکڑیاں لگا کر قید کیا گیا تھا۔ واقعہ کی رپورٹ مغوی زبیر خان کے بھائی عبدالوھاب کی جانب سے تھانہ سربند میں درج کی گئی تھی جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔ گرفتار ملزم نے گینگ کے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات