سردار یاسر الیاس کا اسلام کے پیغامِ امن و ہم آہنگی پر زور

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے کہا ہے کہ پرامن بقائے باہمی اسلام کا اصل جوہر ہےاور ہر مسلمان کا فرض ہے کہ وہ دنیا بھر میں اس پیغام کو عام کرے۔اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر ہمیں اتحاد اور بھائی چارے کو اپنی طاقت بنانا چاہیے۔

(جاری ہے)

اسلام ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم محروم طبقے کا خیال رکھیں، ضرورت مندوں کی مدد کریں اور انسانیت کی خدمت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کریں کیونکہ اصل زندگی دوسروں کے لیے جینے میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی زندگی رحم، انصاف اور برداشت کی بہترین مثال ہے جو آج کے معاشرے کے لیے رہنمائی کے اصول ہونے چاہئیں۔سردار یاسر الیاس نے کہا کہ اگر ہم نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کریں تو ہم معاشرتی تقسیم کو ختم کر کے اتحاد پیدا کر سکتے ہیں اور اندرون و بیرون ملک امن قائم رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اُس راستے پر چلیں جو رسول اکرم ﷺ نے دکھایا ہے تو ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جو باہمی احترام، ہم آہنگی اور مساوات پر مبنی ہو۔