ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی حضور اکرمﷺ کا 1500واں یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) ملک بھر کی طرح شہر قائدمیں بھی حضور اکرمﷺ کا 1500واں یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔12ربیع الاول کے موقع پر کراچی میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ جلوسوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ مختلف علاقوں سے نبی کریم ﷺۖ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں جلوس نکالے گئے ، جن میں ہر عمر کے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے ۔

جلوسوں کے دوران شرکا ء درود و سلام پڑھتے اور نعتیں سناتے ہوئے اپنے محبوب ﷺ سے عقیدت کا اظہار کرتے رہے،بچوں، بزرگوں اور نوجوانوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جبکہ فیضان مدینہ ، میمن مسجد سمیت دیگر اہم مقامات پر اجتماعات منعقد ہوئے۔جشن عید میلادالنبی ﷺۖ کے موقع پر جما عت اہلسنت اور دیگرسنی تنظیمات ومیلاد انجمنو ں کی جانب سے ایم اے جناح روڈ اور شہرکے مرکزی مقامات پر کیمپ قائم کئے گئے ۔

(جاری ہے)

جلوس میں برقی قمقوں سے سجی گاڑیاں اور دیگر رنگ برنگی روشنیاں عوام کی توجہ کا مرکز بنیں۔مختلف گاڑیوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا، جنہوں نے جلوس کو ایک دیدہ زیب منظر میں بدل دیا۔ٹریفک پولیس کی جانب سے جلوس کے دوران شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔شہرقائد میں چراغاں ہے، فضا درود و سلام کی صدائوں سے معطر ہے جبکہ مساجد، عمارتوں، گلیوں اور بازاروں کو سبز پرچموں اور روشنیوں سے سجایا گیا ۔جشن عید میلاد النبیﷺۖ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔