بنیان مرصوص نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ اختتام پذیر، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر اور جی او سی چنار ڈویژن کی خصوصی شرکت

ہفتہ 6 ستمبر 2025 22:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں بنیان مرصوص نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ 2025 اختتام پذیر ہو گئی۔ چیمپئن شپ کی شاندار اختتامی تقریب سپورٹس کمپلیکس جلال آباد میں منعقد ہوئی، جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان اور جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) چنار ڈویژن میجر جنرل ضرار محمود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یہ ایونٹ آزاد جموں و کشمیر بیڈمنٹن ایسوسی ایشن، محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر اور پاک آرمی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ چیمپئن شپ کے دوران آزادکشمیر بھر سے نامور کھلاڑیوں نے شرکت کی، جنہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ مہمانان خصوصی نے فائنل میچ بھی دیکھا۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب میں سیکرٹری جنگلات انصر یعقوب، سیکرٹری سپورٹس محترمہ تہذیب النساء، سیکرٹری مذہبی امور عامر محمود مرزا، سپیشل سیکریٹری داخلہ و صدر بیڈمنٹن ایسوسی ایشن راجہ طاہر ممتاز، چیئرمین ٹیوٹا نعیم بسمل،ڈی جی سپورٹس، ڈپٹی کمشنر ، سرکاری افسران، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب میں جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سپورٹس اور سپیشل سیکرٹری داخلہ نےفاتح ٹیموں/ کھلاڑیوں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی شیلڈز بھی دی گئیں۔ اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ چنار ڈویژن نے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کے نوجوانوں کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، تمام ٹیموں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔

میجر جنرل ضرار محمود نے کہا کہ پاک آرمی ریاست میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔ جی او سی چنار ڈویژن نے ونر ٹیم کیلئے ایک لاکھ جبکہ رنر اپ کے لیے پچاس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔سیکرٹری سپورٹس محترمہ تہذیب النساء نے اختتامی تقریب میں شرکت پر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔