حضرت بل پر اشوک چکر والی تختی کی تنصیب گستاخانہ فعل اور انتہائی افسوس ناک ہے،مفتی ناصر الاسلام

اتوار 7 ستمبر 2025 11:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے درگاہ حضرت بل پر اشوک چکر والی تختی کی تنصیب کے گستاخانہ فعل کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے مکمل طور پر بچا جا سکتا تھا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مفتی ناصر الاسلام نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درگاہ کی حساسیت اور تقدس انتہائی احتیاط کا متقاضی ہے۔

انہوں نے کہاکہ تختی کی تنصیب کے بغیر بھی کام چلایاجاسکتا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عبادت گاہ کے اندر تختی لگانے کے پیچھے کی وجہ پر سوال اٹھاتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرح کی حرکتوں سے عوامی جذبات مجروح ہو تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی مسلم کمیونٹی کا درگاہ حضرت بل کے ساتھ گہرا جذباتی اور مذہبی لگائو ہے، اس کے باوجود وقف کے منتظمین اور درگاہ سے وابستہ علماء ممکنہ نتائج کو جانتے ہوئے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ناکام رہے۔مفتی ناصر الاسلام نے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد ہونے والا احتجاج ان لوگوں کے خلاف ردعمل تھا جنہوں نے درگاہ پر تختی لگا کرعقیدتمندوں کے مذہبی جذبات کو نظر انداز کیا۔