کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کے خواہشمند غیر ملکیوں کی فہرست کو رواں ہفتے حتمی شکل دی جائیگی،چیئرمین ایگزیبیشن کمیٹی

اتوار 7 ستمبر 2025 13:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی سی ایم ای اے)نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ اکتوبر میں منعقد ہونے والی ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش میں جرمنی، امریکہ ، برطانیہ، ہنگری ، ترکیہ سمیت دیگر ممالک سے شرکت کے خواہشمند غیر ملکیوں کی فہرست کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی مشاورت سے رواں ہفتے حتمی شکل دیدی جائے گی ،غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط استوار کرنے کے لئے دو طرفہ ملاقاتوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا ،ہم پر امید ہیں تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی ادارے عالمی نمائش کی کامیابی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے جس سے صنعت اور معیشت کو تحر یک ملے گی ۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں 41ویں عالمی نمائش کی تیاریوں کے جائز ہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمان، سینئر ممبر عثمان اشرف، میجر (ر) اختر نذیر، سعید خان، سعد اعجاز، فیصل سعید خان سمیت دیگر بھی شریک ہوئے ۔ چیئرمین ایگزیبیشن ریاض احمد نے اجلا س کے شرکاء کو عالمی نمائش کے حوالے سے اعلیٰ سرکاری شخصیات اور غیر ملکیوں سے ہونے والے رابطوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان آمد پر بہترین ہاسپیلٹی دیں گے اور ان کی سکیورٹی کے لئے بھی خصوصی اقدامات کئے جائیں گے ، عالمی نمائش کو مستقبل کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں اور اسے غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کا ذریعہ بنایا جائے گا، عالمی نمائش کے انعقاد کے بعد نئی مارکیٹوں کی تلاش کے لئے سر گرمیاں شروع کی جائیں گی اور اس کے لئے باقاعدہ حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی نمائش میں دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 100سے زائد غیر ملکی خریدار وں کی شرکت متوقع ہے تاہم رواں ہفتے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی مشاورت سے فہرست کو حتمی شکل دیدی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ہمیں ہرطرح کی معاونت فراہم کی جارہی ہے جس سے نمائش کی تیاریوں میں بڑی مدد ملی ہے ، دیگر متعلقہ اداروں سے بھی اپیل ہے کہ عالمی نمائش کی کامیابی کے لئے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے اور بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کوپابند کیا جائے کہ ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کریں تاکہ غیر ملکی خریداروں کو سفر میں کسی طرح کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان عالمی نمائش کو روایتی حریف کی وجہ سے چیلنج کے طور پر لیتے ہیں اس لئے اس کی کامیابی کے لئے جہاں ایسوسی ایشن اپنی بھرپور کاوشیں کر رہی ہیں وہیں حکومتی اداروں کی معاونت بھی نا گزیر ہے ۔