Live Updates

حالیہ سیلاب نے پاکستان میں غذائی تحفظ کو سنگین خطرات سے دو چار کر دیا،شاہد عمران

اتوار 7 ستمبر 2025 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے حالیہ سیلاب نے پاکستان میں غذائی تحفظ کو سنگین خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔ اتوار کو یہاں ماہرین زراعت کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بار بار آنے والے تباہ کن سیلاب سے زمین کی ذرخیزی اور فصلوں کی پیداوار کو شدید نقصان پہنچا ہے جس سے نہ صرف خوراک کی فراہمی کا سلسلہ متاثر ہوا ہے بلکہ قومی معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ، مگر یہ موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہے، پاکستان جیسی ترقی پذیر قومیں بڑی صنعتی معیشتوں کے پیدا کردہ بحران کو بھگتنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی مالیاتی معاہدوں کے تحت اپنے بین الاقوامی وعدوں کا احترام اور پاکستان کو بحران سے نمٹنے میں مدد کے لیے معاوضہ، تکنیکی مدد وٹیکنالوجی فراہم کریں۔

شاہد عمران نے آب و ہوا کے لیے لچکدار انفراسٹرکچر اور جدید آبی ذخائر کی تعمیر و سیلاب کا مقابلہ کرنے والی فصلوں کی اقسام تیار کرنے میں تحقیق اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور د یا۔انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ اور اقتصادی ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے ماحولیاتی انصاف وعالمی برادری کا تعاون بہت ضروری ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات