گلوبل گورننس انیشی ایٹو دنیا کے لئے مل کر ترقی کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ، شرکاء ایس سی او اجلاس

اتوار 7 ستمبر 2025 16:10

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) چین کے صدر شی جن پنگ نے تیانجن میں منعقدہ "شنگھائی تعاون تنظیم پلس" کے اجلاس میں گلوبل گورننس انیشی ایٹو پیش کیا ۔ اجلاس کے شرکاء اور غیر ملکی مندوبین نے سی ایم جی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کا یہ انیشی ایٹو نئے دور میں ایک بڑے ملک کی حیثیت سے چین کی جانب سے اپنی ذمہ داری کے احساس کا مظہر ہے اور یہ دیگر ممالک کے لیے انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تکمیل کے لیے ایک مضبوط تحریک فراہم کرتا ہے۔

پاکستان میں تحقیق و ترقی کے ادارے کے چیف ایگزیکٹو شکیل احمد رامے نے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کا یہ عالمی اقدام انتہائی اہم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کی مرکزیت پر مبنی ترقی کا تصور چینی سیاست کا ایک بنیادی اصول ہے۔

(جاری ہے)

چین کی ہر حکمت عملی عوام کی خوشحالی کے مقصد کے لئے تیار کی جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صدر شی کے گلوبل گورننس انیشی ایٹو کے تحت ہر ملک ترقی کے خواب کی امید رکھ سکتا ہے اور ہر ملک طاقتور ممالک کے دباؤ سے چھٹکارا حاصل کر سکتا ہے۔

پاکستان کے سماء ٹی وی کے میزبان اور سینئر جنرلسٹ عرفان اشرف نے کہا کہ اس سربراہ اجلاس میں صدر شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں ذکر کیا کہ چین کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے دیگر رکن ممالک میں 84 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایسے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر مزید منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کرنا چاہیے تاکہ خطے اور دنیا کی مشترکہ ترقی کو مزید فروغ مل سکے۔