سعودی عرب اکتوبر میں گلوبل ہیلتھ ایگزیبیشن کی میزبانی کرے گا

پیر 8 ستمبر 2025 11:10

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) سعودی عرب اکتوبر میں آٹھوِیں4 روزہ گلوبل ہیلتھ ایگزیبیشن کی میزبانی کرے گا، جو 27 تا 30 اکتوبر تک جاری رہے گی ۔ سعودی عرب کے مطابق یہ نمائش ریاض ایگزیبیشن اینڈ کنوینشن سینٹر میں ہوگی جس کا عنوان ’’انویسٹ اِن ہیلتھ‘‘ یا ’’صحت پر سرمایہ کاری‘‘ ہوگا۔نمائش کو وزارتِ صحت کی سرپرستی حاصل ہے جس میں ہیلتھ سیکٹر ٹرانسفارمیشن پروگرام نے بھی تعاون کیا ہے جو وژن 2030 کا ایک حصہ ہے۔

(جاری ہے)

نمائش میں دو ہزار سے زیادہ نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں جبکہ 500 سپیکر نمائش کے دوران خطاب کریں گے۔نمائش میں20 انٹرنیشنل پویلین قائم کیے جائیں گے جو علم کے تبادلے اور صحت کے علاوہ ڈیجیٹل انوینشن کے لیے پلیٹ فارم کا کام کریں گے۔ریاض میں ہونے والی نمائش، گزشتہ سال کے ایونٹ کے اہم نکات کو آگے بڑھاتے ہوئے ہیلتھ کیئر کو درپیش چیلنجز کے عملی حل پر توجہ دے گی۔اس نمائش کے گزشتہ ایڈیشن میں کینسر کے علاج کے لیے ریسپٹر ٹی سیل کی پیداوار، طبی تعلیم کے لیے ورچُوئل ریئلٹی کمانڈ سینٹر اور ہر شخص کو اس کی ضرورت کے مطابق دوا فراہم کرنے کے لیے فارماکو جنیٹِکس یا (ادویہ پر جینیاتی اثرات) کے تجزیے کی خدمات کو لوگوں کے سامنے رکھا گیا تھا۔