مودی حکومت پر امریکہ کا اعتماد ختم ہوگیا، چینی اخبارکا انشاف

منگل 9 ستمبر 2025 13:24

مودی حکومت پر امریکہ کا اعتماد ختم ہوگیا، چینی اخبارکا انشاف
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)چائنہ ڈیلی کی ایک تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت کی خارجہ پالیسی میں دوغلا پن، توازن کے فقدان اور غیر مستقل مزاجی امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں دراڑ کا باعث بن رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکہ اور بھارت کے تعلقات اب نشیب و فراز کا شکار ہیں۔ قلیل مدت میں تعلقات میں وقتی بہتری آ سکتی ہے لیکن طویل مدت میں باہمی اعتماد متزلزل ہو چکا ہے۔

تجزیے کے مطابق دونوں ممالک کا دو طرفہ تعاون محض سطحی حد تک محدود رہنے کا امکان ہے۔چائنہ ڈیلی نے کہا کہ بھارت کی روس کے ساتھ دیرینہ اسٹریٹجک وابستگی بھی واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات کی مضبوطی میں رکاوٹ ہے۔ بھارت ایک طرف امریکہ سے قریبی تعلقات کا دعوی کرتا ہے جبکہ دوسری جانب روس سے اسلحہ اور تیل کی درآمدات جاری رکھے ہوئے ہے، جو امریکی پالیسی کے خلاف ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین کے ساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے باوجود بھارت کھل کر مقف اختیار کرنے سے گریز کرتا ہے، حتی کہ کواڈ اتحاد میں بھی اس کا رویہ محتاط رہا ہے۔ یہ طرزِ عمل امریکہ میں مایوسی کا باعث بنا ہے۔اخبار کے مطابق بھارت کی خارجہ پالیسی صرف اپنے محدود قومی مفاد تک محدود ہے اور اگر مودی حکومت نے اپنی حکمتِ عملی پر نظرثانی نہ کی تو امریکہ کے ساتھ قریبی تعلقات طویل مدت میں برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔