انسانی حقوق کی فلسطینی تنظیموں پر امریکی پابندیاں ناقابل قبول، وولکر ترک

یو این پیر 8 ستمبر 2025 11:45

انسانی حقوق کی فلسطینی تنظیموں پر امریکی پابندیاں ناقابل قبول، وولکر ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 08 ستمبر 2025ء) اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے امریکہ کی جانب سے انسانی حقوق کی تین غیرسرکاری فلسطینی تنظیموں پر پابندیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے انہیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکہ نے الحق، فلسطینی مرکز برائے انسانی حقوق اور المیزان مرکز برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ فسلطینی علاقے کی صورتحال پر بین الاقوامی فوجداری عدالت کی معاونت کرنے پر پابندیوں کا نشانہ بنایا ہے۔

اس سے پہلے امریکہ کی حکومت جون میں انسانی حقوق کی معروف فلسطینی تنظیم الضمیر پر بھی پابندیاں عائد کر چکی ہے۔

Tweet URL

ان غیرسرکاری تنظیموں نے انسانی حقوق کی پامالیوں پر احتساب کو یقینی بنانے کے لیے سالہا سال تک نہایت اہم کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی عائد کردہ پابندیوں سے ناصرف مقبوضہ فلسطینی علاقے اور اسرائیل میں سول سوسائٹی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے بلکہ ایسے اقدام سے پوری دنیا متاثر ہو سکتی ہے۔

ہائی کمشنر نے کہا ہے کہ غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں انسانی حقوق کی منظم پامالیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے واقعات کی تفصیلات جمع کرنے اور محاسبے کے بین الاقوامی نظام کے ساتھ تعاون کرنے کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔

غیرقانونی اقدام

وولکر ترک کا کہنا ہے کہ ان تنظیموں پر پابندیوں کے نفاذ سے عدم احتساب کا رجحان مزید تقویت پائے گا، متاثرین کی آوازیں خاموش ہو جائیں گی اور حقوق کی پامالیوں اور بین الاقوامی جرائم کے لیے سازگار ماحول جنم لے گا۔

انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے کے لیے کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں پر یہ حملے قانون اور ایسی دیگر اقدار کے منافی ہیں جن کا امریکہ طویل عرصہ سے داعی رہا ہے۔

ہائی کمشنر نے امریکہ کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ ان پابندیوں اور اس سے قبل مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی رابطہ کار کے خلاف عائد کردہ پابندیوں کو فوری واپس لے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت کے متعدد ججوں اور وکلائے استغاثہ پر عائد کی جانے والی پابندیاں بھی ختم کی جائیں۔