بلند لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے رہا، بارش میں نکاسی چیلنج ہوگی، میئر کراچی

پیر 8 ستمبر 2025 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) میئر کراچی مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلندر لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے رہا، بارش کے نتیجے میں نکاسی چیلنج ہوگی لیکن انتظامیہ تیار ہے،شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔پیرکی صبح سویرے ہونے والی بارشوں کے بعد مئیر کراچی مرتضی وہاب نے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کراچی کے پانی کی مرکزی گزرگاہ نہر خیام کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی۔مرتضی وہاب نے کہا کہ میں نہر خیام پر موجود ہوں، جہاں سے پانی چنا کریک کی طرف جاتا ہے تاہم بلند لہروں کے باعث پانی نہر خیام میں واپس آرہا ہے، انہوں نے کہا کہ آج اور کل بارش کے نتیجے میں پانی کی نکاسی بہت بڑا چیلنج ہوگی، بلند لہروں کے باعث سمندر پانی نہیں لے گا لیکن انتظامیہ تیار ہے، عملہ اور مشینری گرائونڈ پر موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طارق روڈ انڈرپاس ٹریفک کے لیے مکمل کھلا ہے جبکہ ڈرگ روڈ اور سب میرین انڈرپاسز بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہوئے ہیں، مئیر کراچی نے مشورہ دیاکہ کہا کہ شہری غیرضروری نقل وحرکت سے اجتناب کریں۔بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب نے کہاکہ شہر میں نالوں کی صفائی کی صورتحال اطمینان بخش ہے، چوکنگ پوانٹ کلیئر کردیے گئے ہیں، جس کی وجہ سے نالے چل رہے ہیں۔

میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے تینوں بڑے نالوں گجر، اورنگی اور محمود آباد سمیت کے ایم سی کے 43 بڑے نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے، اس کے علاوہ کراچی کے 14 انڈر پاسز میں اضافی پمپس نصب کیے ہیں تاکہ نکاسی کا کام تیزی سے کیا جاسکے۔میئرکراچی نے کہا کہ واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 120 گاڑیاں بھی فیلڈ میں ہوں گی اور شہر کی گلیوں اور ٹانز میں جہاں ضرورت ہوگی، گاڑیاں مہیا کی جائیں گی۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ بلدیاتی ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ عملہ گرائونڈ پر موجود ہو۔میئر کراچی نے کہا کہ لوگوں کو پھر یاد دہانی کرانا چاہوں گا کہ شہر کے نالوں کی گنجائش 40 ملی میٹر ہے، اس سے زیادہ بارش ہوتی ہے تو اس کا ایک اثر آتا ہے، لیکن آپ نے پچھلی بارشوں میں دیکھا کہ انتظامیہ گرانڈ پر موجود تھی جس کے نتیجے میں ہم نے چند گھنٹوں میں مرکزی شاہراہوں سے بارش کے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا تھا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، کل لوگ کہہ رہے تھے بارش متوقع ہے چھٹی کا اعلان کردیں، ہمارے پاس اطلاع تھی کہ دن میں بارش نہیں ہوگی اس لیے چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیااور اسکول کالجز اور دفاتر کھلے، لہذا قیاس آرائیوں پر کان نہ دھریں، اگر ایسی صورتحال ہوئی تو ماہرین کی رہنمائی میں کوئی فیصلہ کریں گے۔دریں اثنا، پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای)نے صوبائی وزیربحالیات کی ہدایت پر کراچی میں 16 مقامات پر ڈی واٹرنگ مشینیں نصب کردیں۔وزیر بحالیات مخدوم محبوب کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کراچی میں مختلف مقامات کا دودہ کیا اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے لگائی گئی ڈی واٹرنگ مشینیوں کا جائزہ لیا۔