نیشنل بینک آف پاکستان میں محفل عید میلادالنبی ﷺ کا انعقاد

پیر 8 ستمبر 2025 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)نے اپنے ہیڈ آفس کراچی میں عید میلادالنبی ﷺ کے بابرکت موقع پر ایک روح پرور تقریب کا انعقاد کیا۔ یہ دن دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ جو حضور اکرم حضرت محمد مصطفی ﷺ کے پیغام امن، رحمت اور بنی نوع انسان کے لیے رہنمائی کی یاد دہانی کراتا ہے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد معروف نعت خواں محمود اشرفی اور خاور نقشبندی نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ نعتیں پیش کیں۔ ان کے دل کو چھو لینے والے کلام نے محفل کو روحانی کیفیت سے بھر دیا اور شرکا کو حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کی یاد دلائی، جو سچائی، امانت اور بنی نوع انسان کی خدمت پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر رحمت حسنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کو تقریبا ڈیڑھ ہزار سال گزرنے پر یاد کرتے ہیں تو 12 ربیع الاول ہمیں آپ ﷺ کی لازوال میراث، امانت، شفقت اور دیانت داری کی یاد دلاتا ہے۔

این بی پی میں اس بابرکت موقع کو نہایت عقیدت و اتحاد کے ساتھ منایا گیا تاکہ ہم حضور اکرم ﷺ کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں اجاگر کر سکیں۔اس تقریب میں این بی پی کے سینئر مینجمنٹ اور بڑی تعداد میں عملے نے شرکت کی۔ نیشنل بینک اسلامی اقدار کی پاسداری اور ادارے میں ایمان، احترام اور اتحاد کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔تقریب کا اختتام پاکستان کی خوشحالی، امتِ مسلمہ کی بھلائی اور نیشنل بینک کی مسلسل ترقی و کامیابی کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔