چیئرمین واپڈا سے پاکستان میں ورلڈ بنک کی کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات

داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ کے مالی امورپر تبادلہ خیال

پیر 8 ستمبر 2025 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) پاکستان میں ورلڈ بنک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما ایمگبازار نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید سے ملاقات کی اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے مالی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ورلڈ بنک داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے زیر تعمیر پہلے مرحلہ کیلئے 1517 ملین ڈالر اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ کیلئے 390 ملین ڈالر کی مالی معاونت فراہم کررہا ہے۔

اس کے علاوہ ورلڈ بنک واپڈا کے آئی اے آر سی (Institutional Assessment and Reforms Consultancy Services) کیلئے بھی فنڈز فراہم کررہا ہے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا نے ورلڈ بنک کی مالی معاونت کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ورلڈ بنک پاکستان میں پن بجلی کے وسائل کی ترقی میں اہم شراکت دار ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی انرجی سیکیورٹی کیلئے داسوہائیڈروپاور پراجیکٹ اور تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے ملک میں کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی فراہمی یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے، جو ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے نہایت ضروری ہے۔

چیئرمین واپڈا نے کہا کہ آئی اے آر سی سے واپڈا کی ادارہ جاتی صلاحیت اور کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ ورلڈ بنک کی کنٹری ڈائریکٹرنے واپڈا کے پن بجلی منصوبوںمیں ورلڈ بنک کی مالی معاونت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ماحول دوست اور پائیدار توانائی کے فروغ کے مشترکہ مقصد کو آگے بڑھانے میں واپڈا کی کوششوں کو سراہا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 4320 میگا واٹ صلاحیت کا داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ دریائے سندھ پر خیبرپختونخوا کے ضلع اپر کوہستان میںتعمیر کیا جا رہا ہے۔

یہ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہوگا۔ واپڈا اس وقت پراجیکٹ کے پہلے مرحلہ پر کام کررہا ہے، جس کی پیداواری صلاحیت2160 میگا واٹ ہے جبکہ تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر5 پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس کی پیداواری صلاحیت 1530 میگا واٹ ہے۔