ُیوم دفاع پاکستان لیکروس ٹورنامنٹ ضلع بونیر نے جیت لی

پیر 8 ستمبر 2025 20:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء) خیبرپختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام یوم دفاع پاکستان لیکروس ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگئی ، ایونٹ میں صوبہ بھر سے 60 سے زائد مردوخواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی ، ٹورنامنٹ میں ضلع بونیر کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرلی ، ڈسٹرکٹ پشاور نے دوسری اور ہزارہ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کرلی ، مہمان خصوصی سیکرٹری جنرل پاکستان لیکروس فیڈریشن انجینئر طیفور زرین نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ، صوبائی لیکروس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں یوم دفاع پاکستان ’’معرکہ حق ‘‘ لیکروس ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیاگیا جس کا مقصد پاکستان کے بہادر فوجی جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا تھا۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ میں صوبہ بھر سے 60 مرد و خواتین کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ سنسنی خیز مقابلوں کے بعد بونیر کی ٹیم نے چیمپئن شپ جیت لی۔انجینئر طیفور زرین نے تقریب میں شرکت کی اور فاتح ٹیم سمیت تمام کھلاڑیوں میں اسناد، یادگاری شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے۔یہ چیمپئن شپ اتحاد، جرات اور قربانی کی اقدار کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ صوبے میں لیکروس کھیل کو فروغ دینے کا ذریعہ ثابت ہوئی۔