قرآن مجید واحادیث میں ختم نبوت کاذکر پوری وضاحت کے ساتھ موجودہے،حاجی حنیف طیب

پیر 8 ستمبر 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیرپیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے جامع مسجد نورالحرم (لیاقت آباد)میںعقیدہ ختم نبوت کی اہمیت وفضیلت بیان کرتے ہوئے کہاکہ عقیدہ ختم نبوت دین اسلام کی اساس اوربنیادہے۔قرآن مجید اوراحادیث مبارکہ میں ختم نبوت کاذکر پوری وضاحت کے ساتھ موجود ہے۔

مسیلمہ کذاب نے نبوت کادعویٰ کیاتو خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جہادکرکے اس فتنہ کا خاتمہ کیاجس میں بارہ سوصحابہ شہید ہوئے جن میں سات سوحافظ قرآن تھے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دورمیں مرزاغلام احمدقادیانی نے بھی دعویٰ نبوت کیاتھاتوعلماء مشائخ،سیاسی رہنماؤں،وکلاء،پارلیمنٹرین ،اساتذہ ،طلبہ تنظیموں کی مسلسل جدوجہدکے نتیجے میں 7ستمبر 1974ء کو قومی اسمبلی نے قادنیوں کوجمہوری،پالیمانی اورقانونی طورپرغیرمسلم اقلیت قراردے کر تاریخی فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

حاجی محمدحنیف طیب نے خطاب کے دوران بتایاکہ اس سلسلے میں اللہ تعالیٰ کا شکر اداکرتا ہوں کہ سندھ اورپنجاب میں تحفظ ختم نبوت کی تحریک کی کامیابی سے پہلے متعدد جگہوں پرجلسہ کرنے اورختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع ملا جب 7ستمبر 1974کوقادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قراردیا گیا اس وقت میں پابند سلاسل تھا، جب خبر ملی تو سب نے نعرہ تکبیر ،نعرہ رسالت، نعرہ حیدری کے نعرہ بلندکیا۔

حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ آج بھی جھوٹے مدعیان نبوت نوجوان نسل کو گمراہ کررہے ہیں مسئلہ قادیانیت ،تحفظ ختم نبوت وناموس رسالت کی اہمیت اورتفصیلات سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا ہمارادینی وقومی فریضہ ہے اس موضوع کو بطورنصابی سطح پر رائج کرنے کی اہمیت وضرورت ہے۔ اجتماع سے مولاناغلام دستگیر نے میلاد مصطفی ﷺکی نسبت سے نمایاں پہلوبیان کئے ۔سرکاردوعالم ﷺکی بارگاہ اقدس میں حافظ وسیم قادری نے سلام پیش کیا۔