مہران یونیورسٹی جامشورو اور سندھ حکومت کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے

پیر 8 ستمبر 2025 21:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور سندھ حکومت کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی کے درمیان ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے۔ پیپلز انفارمیشن ٹیکنالوجی پروگرام (پی آئی ٹی پی) کے فیز دوئم کے تحت 28 سال کی عمر کے میٹرک تا گریجویٹ 35,000 طلبہ کمپیوٹر، سافٹ ویئرز کی تربیت حاصل کریں گے۔

کراچی میں منعقدہ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پی آئی ٹی پی دوئم کا افتتاح کیا اور پروگرام کی کامیابی کو ’’فخر کی بات‘‘ قرار دیا۔ وزیر اعلیٰ کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے اب تک 4,300 گریجویٹس عالمی معیار کی آئی ٹی مہارتوں کے ساتھ معیشت میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی شمولیت اور دیہی علاقوں کی شراکت داری اس منصوبے کی نمایاں خصوصیات ہیں،پروگرام کے تحت 35,000 طلبہ کو 12 جدید ٹیکنالوجیز میں تربیت دی جائے گی اور1,750 کروم بُکس بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو دیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تربیتی مراکز جامشورو، حیدرآباد، قاسم آباد، لطیف آباد، میرپورخاص، دادو، بدین، ٹھٹھہ، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ اور ہالا میں قائم ہوں گے۔ مہران یونیورسٹی کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے ایم او یو پر دستخط کیے جبکہ پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیل کمار بھی موجود تھے۔ یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے، شمولیت کو فروغ دینے اور سندھ کے ڈیجیٹل مستقبل کو مستحکم کرنے کے اپنے مشن کی تجدید کرتا ہے۔