نادرا جووینائل کارڈ کے بغیر 18 سال سے کم عمر طلباء ایل اے ٹی اور یو ایس اے ٹی میں شرکت نہیں کر سکیں گے، ایچ ای سی

پیر 8 ستمبر 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)نے اعلان کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 سے 18 سال سے کم عمر طلباء کے لئے نادرا کا جووینائل کارڈ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ لاء ایڈمشن ٹیسٹ (ایل اے ٹی) اور انڈرگریجویٹ سٹڈیز ایڈمشن ٹیسٹ (یو ایس اے ٹی) میں شرکت کے لئے شناخت کی درستگی کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایچ ای سی کے مطابق یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ بہت سے کم عمر طلبہ بغیر کسی تصدیق شدہ تصویری شناخت کے امتحانات میں شریک ہوتے ہیں جس سے تصدیق کے عمل میں دشواری پیش آتی ہے۔ اب تمام 18 سال سے کم عمر امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 31 دسمبر 2025 سے قبل نادرا جووینائل کارڈ حاصل کر لیں۔ایچ ای سی نے والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بروقت نادرا جووینائل کارڈ کے لئے درخواست دے کر طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں میں رکاوٹ سے بچیں۔مزید معلومات کے لئے ایچ ای سی کی ویب سائٹ یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر رجوع کیا جا سکتا ہے۔