کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں،پروفیسر فاروق افضل

پیر 8 ستمبر 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ اور امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ کھیل طلبہ کی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور ایک صحت مند جسم ہی صحت مند ذہن کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کر سکتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ طلبہ و طالبات نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے بھی ضرور وقت نکالیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار امیر الدین میڈیکل کالج میں سپورٹس ویک کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں میڈیکل طلبہ و طالبات بھی موجود تھے۔ پروفیسر فاروق افضل نے اساتذہ کے ہمراہ فضا میں غبارے بلند کیے جبکہ طلبہ نے پاسٹ مارچ کے ذریعے شاندار انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم بہت زیادہ محنت اور مطالعہ کا تقاضہ کرتی ہے جس سے سٹوڈنٹس جسمانی و ذہنی طور پر تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں لہٰذا انھیں اپنے آپ کو ریفریش کرنے اور چاق و چوبند رکھنے کیلئے نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں حصہ ضرور لینا چاہئے اس سے ٹیم ورک کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور برداشت کی صلاحیت پروان چڑھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے پروگراموں سے طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے اور وہ بھرپور اعتماد کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں۔افتتاحی تقریب میں طلبہ و طالبات نے مختلف کھیلوں میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا اور اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔ اسپورٹس ویک کے دوران انڈور اور آؤٹ ڈور مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔

اسپورٹس ویک کی کامیاب انعقاد کے لیے طلبہ کی نمائندہ کمیٹی اور آرگنائزنگ ٹیم نے بھرپور محنت اور لگن سے تیاری مکمل کر لی ہے۔ کمیٹی کے اراکین مختلف کھیلوں کے شیڈول، انتظامات اور مقابلہ جات کی نگرانی کے فرائض انجام دیں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی/اے ایم سی نے اس موقع پر طلبہ کو نصاب کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کی اور یقین دلایا کہ ادارہ آئندہ بھی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتا رہے گا۔