دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا، شیر شاہ اور جلالپور پیر والہ کے مقامات پر ہائی فلڈ، ریڈ الرٹ جاری، شہریوں کے انخلا کے لیے پاک فوج اور نیوی کی خدمات حاصل کرلی گئیں

منگل 9 ستمبر 2025 13:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) دریائے چناب میں ہیڈ محمد والا، شیر شاہ اور جلا لپور پیر والہ کے مقامات پر ہائی فلڈ کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے خطرے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں نقل مکانی کا عمل تیز ہوگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ شہریوں کےمحفوظ انخلاء کے لیے پاک فوج اور نیوی کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں جبکہ وہ مسلسل تیسرے روز جلالپور پیر والہ میں موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ تریموں سے پانچ لاکھ کیوسک کا ریلا ہیڈ محمد والا پہنچنے کے باعث پانی کی سطح تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ہائی لیول فلڈ کی صورت میں شیر شاہ روڈ کو بریچ کر نے کا فیصلہ کیا جائے گا تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جلالپور پیر والہ سے دو ہزار سے زائد افراد کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائے ستلج اور چناب کے ریلوں کے با عث جلالپور پیر والہ کو ہائی رسک پر رکھا گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں تک ایمرجنسی صورتحال بر قراررہے گی۔اس دوران مزید پانچ فلڈریلیف کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں جہاں متاثرین کے لیے خوراک، ادویات اور رہائش کا انتظام کیا گیا ہے۔ مکینوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت محفوظ مقامات پر منتقل ہوکر اپنی اور اہلخانہ کی جانوں کو محفوظ بنائیں۔

متعلقہ عنوان :