عمان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے بڑی سہولت دیدی گئی

رائل عمان پولیس نے اپنی آفیشل موبائل ایپلیکیشن میں ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرادی

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 15:15

عمان میں ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے بڑی سہولت دیدی گئی
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) عمان پولیس نے اپنی ایپ میں نئی ​​ڈیجیٹل سروسز شامل کی ہیں جن کے تحت اب صارفین ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اہم دستاویزات کی ڈیجیٹل کاپیاں دیکھ سکتے ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق رائل عمان پولیس (ROP) نے اپنی آفیشل موبائل ایپلیکیشن میں ایک نئی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے، جس میں نئی ​​ڈیجیٹل سروسز کے پیکجز متعارف کرائے گئے ہیں تاکہ عوامی خدمات تک رسائی کو تیز تر اور زیادہ آسان بنایا جا سکے، نئی اپ ڈیٹ جو اب اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز پر کام کر رہی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اپڈیٹ میں ایک قابل ذکر خصوصیت پہلی بار براہ راست ایپ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے کی سہولت ہے، اس سے ڈروائیونگ لائسنس کے اجراء کا عمل ہموار ہوتا ہے جس کے لیے پہلے ذاتی طور پر پیش ہونے کی ضرورت ہوتی تھی، یہ اپڈیٹ انسانی سمگلنگ سے متعلق مقدمات کی رپورٹ تک رسائی بھی فراہم کرتی ہے، عمان پولیس نے تصدیق کی کہ یہ اپ ڈیٹ اس کی ڈیجیٹل خدمات کو بڑھانے اور اس کے ای گورننس سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہے تاکہ قومی ڈیجیٹل تبدیلی کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ایپ میں صارفین کو خاندانی معلومات ظاہر کرنے، 18 سال سے کم عمر کے بچوں کے فون نمبرز کو اپ ڈیٹ کرنے اور پیدائشی سرٹیفکیٹس، پاسپورٹ، اور سرمایہ کار کارڈز جیسی اہم دستاویزات کی ڈیجیٹل کاپیاں دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے، ایپ اب سپانسر شپ کے تحت افراد کی تفصیلات بھی دکھاتی ہے، عوامی خدمات کو بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم میں عمانی پولیس نے صارفین کو ویڈیو کالز کے ذریعے قیدیوں کی ملاقاتوں کو بک کرنے کے قابل بنایا ہے، جس سے اصلاحی سہولیات میں جسمانی موجودگی کی ضرورت کو ختم کیا گیا ہے۔

رواں برس مئی میں عمانی پولیس نے دبئی میں منعقد ہونے والی ڈیجیٹل اکانومی کانفرنس اور نمائش (سیملیس مڈل ایسٹ 2025ء) کے دوران اپنے الیکٹرانک کسٹم سسٹم "بیان" کے لیے گورنمنٹ انوویشن کے زمرے میں عرب ڈیجیٹل اکانومی ایوارڈ 2025ء جیتا تھا، یہ اعتراف رائل عمان پولیس کی ڈیجیٹل تبدیلی میں کوششوں اور سلطنت عمان میں تکنیکی نظام کو عمان ویژن 2040ء کے ساتھ ہم آہنگ کرنے میں اس کے فعال تعاون کی تعریف میں حاصل ہوا۔

بتایا جارہا ہے کہ بیان سسٹم خطے میں حکومتی ڈیجیٹل انضمام کے بہترین ماڈلز میں سے ایک کی نمائندگی کرتا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے کاروباری عمل کو تیز کیا جاتا ہے اور کسٹم کے طریقہ کار کو آسان بنایا جاتا ہے، جب کہ عمان اور دیگر ممالک کے درمیان کسٹم سروسز اور بین الاقوامی تجارتی نقل و حرکت کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے، اس نظام میں 495 سے زیادہ الیکٹرانک خدمات شامل ہیں جن کا 74 سرکاری اور نجی اداروں سے براہ راست تعلق ہے۔