Live Updates

علیمہ خان صحافیوں کو بھائی اوربیٹا پکارنے لگ گئیں

جسے بھیجا جاتا ہے وہ صحافت نہیں کرتا، سب کچھ دانستہ کیا جا رہا ہے، علیمہ خان

منگل 9 ستمبر 2025 20:58

علیمہ خان صحافیوں کو بھائی اوربیٹا پکارنے لگ گئیں
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ جسے بھیجا جاتا ہے، وہ صحافت تو نہیں کرتا، یہ سب کچھ دانستہ کیا جا رہا ہے۔اڈیالہ جیل جاتے ہوئے داہگل ناکہ پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ کل جو کچھ بھی ہوا، میں اس سب کی مذمت کرتی ہوں۔ جب کوئی جان بوجھ کر بھیجا جاتا ہے تو وہ صحافت تو نہیں کرتا، جان بوجھ کر مستی کی گئی ہے، لوگوں کو اشتعال دلایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں اپنے بھائی کیلئے آتے ہیں، دوچار لوگ یہاں آتے ہیں، وہ جان بوجھ کر بدتمیزی کرتے ہیں، میں نے اپنے بیٹوں کو بھی یہاں آنے سے روکا ہے، وہ آتے تو کیا حال ہوتا، میرے بیٹے آتے تو ان پر بھی دہشت گردی کے کیس بن جاتے، ہم آج اسی لئے یہاں اکیلے آئے ہیں، یہ سب جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

علیمہ خان نے کہا کہ کسی کو مارنا نہیں چاہیے تھا اور نہ ہی لڑائی جھگڑا ہونا چاہیے تھا، یہ کس نے کہا کہ میری امریکا میں پراپرٹی شوکت خانم کے فنڈ ریزنگ سے خریدی گئی ہی ۔

صحافی کا کام ہے کہ اگر اس کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ میں کہہ رہی ہوں میری پراپرٹی میرے حق حلال کے پیسوں کی ہے، میں ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹر ہوں، ٹیکسٹائل کا کاروبار ہے۔ آپ غیر متعلقہ سوال کرکے ٹیکسٹائل کاروبار کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ میری کمپنی میری نمائندگی کرتی ہے، ایکسپورٹ کا کاروبار کرنے والوں پر آپ الزام لگا رہے ہیں۔اس موقع پر علیمہ خان کی بہن نورین نیازی نے کہا کہ شوکت خانم سب کا ہے، اس پر سوال نہ اٹھائیں۔

نعیم پنجوتھہ نے جو کیا، اس کا جواب ان ہی سے پوچھیں،ہم اپنے بھائی اور بھابی دونوں کے لیے آتے ہیں۔علیمہ خان نے کہا کہ یہ جو انڈا پھینکا گیا تھا، اس کے بارے میں کوئی نہیں پوچھ رہا۔ بشری بی بی کی بہن کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہوگی۔ اگر میں نے اپنے اوپر انڈا خود پھنکوایا تو پولیس ان خواتین کو بچا کر کیوں لے گئی ۔ ہم پر انڈا پھینکے جائیں یا اور کوئی تذلیل کی جائے، ہمیں کوئی فکر نہیں۔واضح رہے کہ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان صحافیوں کو بھائی اور بیٹا کہہ کر مخاطب کرتی رہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات