اسرائیل کی مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج ہوں گے، سعودی عرب کا انتباہ

قطر کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کرنے کا عزم ، سعودی عرب نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعادہ کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 ستمبر 2025 20:18

اسرائیل کی مسلسل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء) سعودی عرب نے اسرائیل کو مسلسل بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزیوں کے سنگین نتائج سے متعلق خبردار کیا ہے۔ سعودی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق مملکت سعودی عرب نے برادر ملک قطر پر اسرائیل کے بیہمانہ حملے اور قطر کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار اور شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعادہ کیا۔

سعودی عرب نے قطر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ قطر کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے اور اپنی تمام تر صلاحیتیں فراہم کرے گا۔
 
❌ Could not extract embed code.
 
یاد رہے اسرائیل کی قطر کے دارالحکومت پر حملہ کرنے کی تصدیق ، اسرائیل کی جانب سے دعوٰی کیا گیا ہے کہ دوحہ میں کیے گئے حملے سے متعلق امریکا کو آگاہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق منگل کو قطر کا دارالحکومت دوحہ متعدد دھماکوں سے گونج اٹھا۔

عالمی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق کتارا ضلع کے اوپر سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا، اسی طرح مقامی میڈیا نے بھی رپورٹ کیا کہ دوحہ میں دھماکوں کی زوردار آوازیں سنی گئیں جس کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ اطلاعات سامنے آئیں کہ اسرائیل کی جانب سے قطر کے شہر دوحہ میں حماس کے دفتر پر حملہ کیا گیا ہے، مبینہ طور پر حماس کے عہدیداروں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں دوحہ شہر کو نشانہ بنایا گیا، کم از کم 10 دھماکوں کی اطلاع سامنے آئی۔

اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیل کی جانب سے ہی حملہ کیا گیا۔ حملے کے دوران مذاکرات کیلئے دوحہ میں موجود حماس کے رہنماوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے دوحہ پر حملے سے قبل امریکا کو بھی آگاہ کیا گیا۔ اسرائیلی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی اسرائیل کے دوحہ پر حملے کی حمایت کی گئی۔

دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق اسرائیل کے انتہا پسند وزیرِ خزانہ بیزلیل سموتریچ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے پر اسرائیلی فوج اور سیکیورٹی ادارے شِن بیت کی تعریف کی۔قطر نے دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیلی فضائی حملے میں دوحہ کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں حماس کے اعلیٰ عہدیدار مقیم تھے۔وزیرِ خزانہ سموتریچ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) پر بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کو کوئی استثنیٰ حاصل نہیں اور نہ کبھی حاصل ہوگا۔

اسرائیل کے لمبے ہاتھ دنیا کے کسی بھی کونے میں انہیں پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اسرائیلی فوج (IDF) اور شِن بیت کی جانب سے "درست فیصلہ اور کامل عمل درآمد" تھا۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قطر نے حملے کو "مجرمانہ کارروائی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔