ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کا بے نظیر بھٹو ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ،سہولیات کا جائزہ لیا

منگل 9 ستمبر 2025 16:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے بے نظیر بھٹو ٹیچنگ سپتال کا دورہ کر کے سہولیات کا جائزہ لیا،صوبائی حکومت کی ہدایت کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کی جانب سے صحت کے شعبے میں بہتری اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں،اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے بے نظیر بھٹو ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا جس کے دوران اُنھوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)،میڈیکل وارڈ،سرجیکل وارڈ،ایڈمنسٹریشن بلاک،انتظار گاہیں اور پینے کے پانی کے انتظامات کا جائزہ لیا،انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور ان سے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) اور دیگر متعلقہ سٹاف کو واضح ہدایات جاری کیں کہ ہسپتال میں آنے والے شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں،انہوں نے کہا کہ سپتال عملے کی باقاعدہ حاضری،مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو،اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے جنہوں نے ہسپتال میں جاری سہولیات،درپیش چیلنجز اور بہتری کے ممکنہ اقدامات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ صحت کے شعبے میں بہتری اور عوامی خدمت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور ہسپتالوں کی حالت زار میں واضح بہتری لانے کے لیے مستقل بنیادوں پر مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔