سپیشل سینٹرل عدالت ،چوہدری پرویز الہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں عدم پیشی پر جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ،سماعت ملتوی

منگل 9 ستمبر 2025 16:48

سپیشل سینٹرل عدالت ،چوہدری پرویز الہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی و دیگر ملزمان کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں چوہدری پرویز الہی کی عدم پیشی پر جاری قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے اور کیس کی کارروائی 27 ستمبر تک ملتوی کردی ۔سپیشل سینٹرل عدالت کے جج محمد عارف خان نیازی نے چوہدری پرویز الہی ،ان کے بیٹے سابق وفاقی وزیر مونس الہی، عامر سہیل سمیت پانچ ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی ۔

منگل کو سماعت پر سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کرائی، جس کے بعد ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دئیے گئے۔سماعت کے دوران ایف آئی اے کے پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ کیس کا تفتیشی افسر تبدیل ہوچکا ہے اور نیا افسر ایک دو دن میں تعینات کردیا جائے گا، اسی وجہ سے مکمل چالان جمع نہیں کرایا جاسکا۔

(جاری ہے)

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم کیس ہے اور ابھی تک تفتیشی افسر تعینات نہیں کیا گیا۔عدالت نے پرویز الہی کی بریت کی درخواست پر پراسکیوٹر سے دلائل طلب کرلیے اور پوچھا کہ بتایا جائے نیب کے ریفرنس اور ایف آئی اے کے کیس میں کیا مماثلت ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مکمل چالان یکجا کر کے جمع کرایا جائے۔ دوران سماعت عامر سعید راں نے بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری قانون کے مطابق نہیں کی گئی، ایف آئی اے کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے اور یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا۔

چوہدری پرویز الہی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کسی کمپنی کے شیئر ہولڈر یا عہدے پر نہیں تھے۔ نیب کے ریفرنس سے وہ پہلے ہی ڈسچارج ہوچکے ہیں لیکن ایف آئی اے نے بالکل اسی نوعیت کا کیس بنا دیا۔ایف آئی اے نے چوہدری پرویز الہی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔