وہاڑی، گینگ ریپ کیس، مرکزی مجرم کو دو بار سزائے موت، شریک مجرم کو قید بامشقت

منگل 9 ستمبر 2025 16:37

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) تھانہ سٹی وہاڑی کےمشہور مقدمہ گینگ ریپ کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد یاسر حیات نے مرکزی مجرم حماد رسول عرف محمد فیصل کو جرم ثابت ہونے پر دو مرتبہ سزائے موت، بھاری جرمانے اور دیگر سزاؤں کا حکم سنا دیا۔ شریک مجرم آصف تارڑ کو بھی دو سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا دی گئی۔

عدالتی حکم نامے کے مطابق ملزم حماد رسول کے خلاف مقدمہ نمبر 427/428 درج تھا، جس میں دفعات 375(A)، 292، 384، 201 پی پی سی اور پیکا ایکٹ کی دفعہ 21 شامل تھیں۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر حماد رسول کو دفعہ 375(A) کے تحت دو بار سزائے موت، پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور متاثرہ کو دس لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔ دفعہ 201 کے تحت سات سال قید بامشقت، جبکہ پیکا ایکٹ کی دفعہ 21 کے تحت پانچ سال قید سادہ اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی سنایا گیا۔

(جاری ہے)

شریک مجرم آصف تارڑ کو دفعہ 384 پی پی سی کے تحت دو سال قید بامشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزمان نے گزشتہ سال یونیورسٹی طالبہ کو آن لائن نوکری کا جھانسہ دے کر زیادتی کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بنا کر بلیک میل کیا۔ متاثرہ خاندان نے فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈی پی او وہاڑی محمد افضل کا کہنا تھا کہ خواتین سے متعلق جرائم میں فوری گرفتاری، شفاف تفتیش اور ٹھوس شہادتوں کے باعث سزائیں یقینی بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے سخت عدالتی فیصلے ناگزیر ہیں اور زیادتی و بلیک میلنگ کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔\378

متعلقہ عنوان :