خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد

منگل 9 ستمبر 2025 17:51

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں عشرہ رحمت اللعالمین کے حوالے سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایک پُروقار کانفرنس منعقد ہوئی ۔ کے ایم یو پشاور تر جمان کے مطابق تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق تھے۔ یہ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اور انسٹی ٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبیلیٹیشن کے طلباء کی مشترکہ کاوش تھی۔

تقریب میں معروف مذہبی سکالر مولانا محمد حسن (فیکلٹی جوڈیشل اکیڈمی و آئی ایم سائنسز پشاور اور خطیب جامع مسجد عمر فاروق، فیز 5 حیات آباد)،ممبر رویت ہلال کمیٹی اور ممتاز عالم دین پروفیسر ڈاکٹر مولانا عبدالغفور ، ڈائریکٹر اسپورٹس ناصر سلیم عرب، ڈائریکٹر آئی پی ایم اینڈ آر ڈاکٹر عرفان اللہ، فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مولانا محمد حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ﷺ نے عدل و انصاف، مساوات اور خدمتِ خلق پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی اور معاشرتی ناانصافیوں، ظلم، جاہلیت اور نسلی امتیاز کو ختم کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے اعلان فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی یا کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت نہیں، سوائے تقویٰ اور پرہیزگاری کے۔

مولانا محمد حسن نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں سچائی، دیانت، ایثار اور خدمتِ خلق کو شعار بنائیں کیونکہ یہی سیرتِ طیبہ ﷺ کا اصل پیغام ہے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیرت النبی ﷺ ایک مکمل ضابطۂ حیات اور ہر انسان کے لیے ذریعۂ ہدایت ہے۔ آپ ﷺ کی تعلیمات میں رحمت، مساوات، انصاف اور انسانیت کی خدمت جیسے اصول شامل ہیں جو ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے ایم یو ایسے علمی، سماجی اور ثقافتی پروگرامز کے انعقاد کو جاری رکھے گا تاکہ طلباء سیرت النبی ﷺ کے آفاقی پیغام سے روشناس ہوتے رہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف اسپورٹس اور آئی پی ایم اینڈ آر کے طلباء کو کامیاب اور بامقصد تقریب کے انعقاد پر سراہا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلباء کی کردار سازی اور اسلامی اقدار سے وابستگی کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

کانفرنس میں پروفیسر ڈاکٹر مولانا عبدالغفور اور دیگر مقررین نے بھی سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی جبکہ نعت خوانی نے تقریب کے روحانی ماحول کو مزید پُراثر بنا دیا۔اس موقع پر کوئز اور پوسٹر مقابلہ بھی منعقد ہوا جس میں بشریٰ سلطان، عبیداللہ، انس، حافظہ مقدس، محمد عثمان، محمد زید، محمد اسامہ، زنیرا فاطمہ اور کامران شعیب نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے مقررین، نعت خواں اور کوئز و پوسٹر مقابلوں کے کامیاب طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔