ایس ای سی پی کا کیپٹل مارکیٹس کیلئے سسٹین ایبل فنانس ایڈوائزری گروپ کا پہلا اجلاس

منگل 9 ستمبر 2025 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)کے زیر اہتمام کیپٹل مارکیٹس کے لئے سسٹین ایبل فنانس ایڈوائزری گروپ کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ ۔اس گروپ نے ماحولیاتی، سماجی اور گورننس (ای ایس جی ) کے انکشافات کو مضبوط بنانے، کمپنیوں کو ایس ای سی پی کے ESG Sustain Portal پر لانے کے لیے تعاون بڑھانے اور فرموں کو بین الاقوامی پائیداری کے معیارات کے مطابق اپنی رپورٹنگ کرنے میں مدد دینے کے لیے صلاحیت سازی کے اقدامات پر غور کیا۔

اراکین نے آئندہ ویمن ایکویٹی اسمارٹ پالیسی کی بھی حمایت کی جس کا مقصد ایس ای سی پی کے زیرِ انتظام شعبوں میں صنفی تفاوت کے خاتمے کی اصلاحات کو فروغ دینا ہے۔اجلاس کی صدارت ایس ای سی پی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر مسرت جبین نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں گروپ کے اراکین نے شرکت کی جن میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے سی ای او فاروق ایچ سبزواری، انسٹی ٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے صدر سیف اللہ، ACCA پاکستان کے سربراہ اسد حمید خان، ایشین ڈویلپمنٹ بینک (اے ڈی بی) کے نمائندے شوذب علی، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) کی نمائندہ ناز خان، یو این ویمن کی نمائندہ فریحہ عمر اور پاکستان بزنس کونسل کی نمائندہ نازش شیخا شامل تھیں۔

کنوینر نے مشاورتی گروپ کے مقاصد اور توقعات پر روشنی ڈالی اور واضح و قابلِ حصول اہداف مقرر کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔اراکین نے پائیداری کی اصلاحات میں اپنے اداروں کے کردار کی تصدیق کی اور گزشتہ تین سالوں سے ایس ای سی پی کے ساتھ اپنی شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے متحد مشاورتی فورم کے قیام کواہم قدم قرار دیا۔

اراکین نے بین الاقوامی پائیداری کی رپورٹنگ کے معیارات کو تیزی سے اپنانے کے لیے مسلسل تعاون اور صلاحیت سازی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ گروپ نے موجودہ خامیوں کی بنیادی وجوہات سے نمٹنے، پیشرفت کی پیمائش کے لیے واضح کارکردگی کے اشاریے (KPIs) قائم کرنے اور تمام اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ مزید برآں گروپ نے ویمن ایکویٹی اسمارٹ پالیسی کے ایکشن پلان کی حمایت کے لیے فعال شراکت داریوں کو فروغ دینے کا عزم کیا جس کا مقصد ایس ای سی پی کے زیرِ انتظام شعبوں میں صنفی اصلاحات کو مرکزی دھارے میں لانا ہے۔

یہ مشاورتی گروپ مسلسل بات چیت کے لیے ایک اعلیٰ سطحی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا، جو پاکستان میں پائیدار کاروباری طریقوں کو فروغ دینے کے لیے پیشرفت کا جائزہ لینے اور حل تلاش کرنے کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر ملاقات کرے گا۔