نرسنگ کے شعبہ سے متعلق مسائل کے حوالہ سے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی ضروری ہے،گورنر

منگل 9 ستمبر 2025 19:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نرسنگ کے شعبہ سے متعلق مسائل کے حوالہ سے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی ضروری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ نرسز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا کی صدر مسز شاہین کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کے حوالہ سے شدید مسائل ہیں، تجربات نے اس صوبہ میں عوام اور صحت کے شعبہ سے وابسطہ افراد سب کے لئے مسائل پیدا کیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں مفت علاج ہوتا ہے ،ہم ڈیرہ اسماعیل خان سے مریض سندھ بھیجتے ہیں ۔ یہاں کے بدترین نظام صحت کی وجہ سے سندھ حکومت کی جانب سے جدید ہسپتال کی خیبر پختونخوا میں فراہمی کا منصوبہ رکا ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کے بھی مسائل ہیں ۔وفاقی وزیر صحت باصلاحیت اور متحرک ہیں ،وہ نظام کی اصلاح کے حوالہ سے بھرپور کوشاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں نرسنگ کے شعبہ میں آسامیوں کی بڑی تعداد موجود ہے، مستقبل میں اس شعبہ کی اہمیت مزید بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی آپکے حقوق کی آواز بلند کرنے کے لئے موجود ہیں ۔وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو پبلک سروس کمیشن میں خالی پوسٹوں ، نرسز کمیونٹی کو درپیش مسائل ، صوبہ میں نرسز کی خالی آسامیوں ، تنخواہوں کی عدم فراہمی ، ترقیوں میں رکاوٹوں ،ایم ٹی آئی کی وجہ سے پیدا مسائل اور فی میل نرسز کو ہراسمنٹ کے حوالہ سے درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ وفد نے مسائل توجہ سے سننے اور انکے حل کے حوالہ سے کردار کی ادائیگی پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔