بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کا انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانی نتائج کا اعلان کردیا۔ نتائج کااعلان بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین محمد اسحاق نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ محمد اسحاق نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانی نتائج کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ گورنمنٹ انٹر کالج کلی حرمزئی سیدان انٹر کالج ضلع پشین کے طالبعلم سید عبدالمتین ولد سید رحیم الدین نے 1051 نمبر لیکر صوبے بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

گورنمنٹ انٹر کالج پیر علی زئی کے سید اسرار احمد ولد سید سدرالدین اور اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ اقراء فیض دختر فیض محمد نے 1050 نمبر لیکر مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح تعمیر نو گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ بی بی صفا دختر سید نصراللہ، کینٹ پبلک ڈگری کالج جناح ٹاؤن کی طالبہ امیمہ دختر عبدالسلام اور اسلامیہ گرلز کالج کوئٹہ کی طالبہ بی بی عدیلہ نے 1049 نمبر لیکر مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔

بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کی جانب سے بھی انٹرمیڈیٹ 2025 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔چیئرمین بورڈ محمد اسحاق کے مطابق انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں کل 101193 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 91400 کامیاب قرار پائے، یوں کامیابی کا تناسب 90.3 فیصد رہا۔اسی طرح گیارہویں کلاس کے سالانہ امتحان میں 46737 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 40363 امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 86.4 فیصد رہا۔

کلاس بارہویں میں کل 54456 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 51037 کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا تناسب 93.7 فیصد رہا۔ طلبہ اپنے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ https://result.bbiseqta.edu.pk پر دیکھ سکتے ہیں۔چیئرمین بورڈ نے کامیاب ہونے والے تمام طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم ہی واحد راستہ ہے۔