ضلع جعفرآباد میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کی اوپن ٹینڈرنگ کا شفاف عمل مکمل

منگل 9 ستمبر 2025 20:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ضلع جعفرآباد میں پہلی بار ترقیاتی منصوبوں کی اوپن ٹینڈرنگ کا شفاف عمل ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر نگرانی مکمل ہوا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ کرنل رضوان طیب، متعلقہ محکموں کے آفیسران، انجینئرز، نمائندہ ادارے اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

ٹینڈرنگ کے اس عمل میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا تاکہ ترقیاتی منصوبے سیاسی مداخلت سے پاک، خالصتاً عوامی مفاد کے پیشِ نظر مکمل کیے جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی واضح ہدایات کے مطابق بلوچستان اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو کے تحت ایسے منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں جو عوام کی اجتماعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلعی سطح پر یہ پہلا موقع ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے اوپن ٹینڈرنگ کا مرحلہ اس قدر منظم اور شفاف انداز میں مکمل کیا گیا ہے جو حکومت بلوچستان کے گڈ گورننس اور میرٹ پالیسی کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں کے لیے ٹینڈرنگ کی گئی ہے، ان کی تجاویز قبل ازیں مقامی سطح پر مشاورت کے بعد حاصل کی گئیں تاکہ زمینی حقائق کے مطابق عوامی مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔

خالد خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ یہ منصوبے بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، پینے کے صاف پانی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات جلد از جلد میسر آ سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے سخت مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی قسم کی کوتاہی یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسپیشل ڈیویلپمنٹ انیشیٹو دراصل حکومت بلوچستان کا عوام دوست وژن ہے جس کا مقصد پسماندہ علاقوں کی دیرینہ محرومیوں کا ازالہ اور ترقیاتی عمل کو نچلی سطح تک مؤثر انداز میں پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ ان منصوبوں کی تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی اور یہ سلسلہ آئندہ بھی میرٹ، شفافیت اور عوامی شمولیت کے اصولوں پر جاری رکھا جائے گا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اقدامات علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :