قطر پر حملہ اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے،سینیٹر مولانا عبدالواسع

منگل 9 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)امیر جمعیت علمائے اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اسرائیل کے قطر پر فضائی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ صرف مسلمانوں کے خلاف کارروائی نہیں بلکہ انسانیت سوزی اور درندگی کی بدترین مثال ہے۔ یہ اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

اسرائیل اب محض ایک ایک دہشتگرد نہیں بلکہ پوری دنیا کے امن و سکون کے لیے ایک بھیڑیا اور درندہ بن چکا ہے جسے لگام دینا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے بارہا عرب دنیا کو خبردار کیا تھا کہ اسرائیل کی سازشیں صرف فلسطین تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ گریٹر اسرائیل کا ناپاک منصوبہ ہے جس کا مقصد پورے خطے کو اپنی گرفت میں لینا ہے۔

(جاری ہے)

آج قطر پر حملہ اس ایجنڈے کی واضح اور کھلی نشانی ہے۔ وقت ہے کہ امت مسلمہ کے خواب غفلت سے جاگی. اگر آج عرب ممالک اور پوری مسلم دنیا متحد نہ ہوئی تو کل ایک ایک کر کے سب اسرائیلی جارحیت کا شکار ہوں گے۔ خاموشی اب جرم بن چکی ہے اور مزید تاخیر امت کے وجود کو خطرے میں ڈال دے گی۔انہوں نے زور دیا کہ عرب ممالک کو اب محض بیانات پر اکتفا نہیں کرنا چاہیے بلکہ عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔

اسرائیل کے ساتھ تمام سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں، اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے، عرب ممالک ایک مشترکہ فوج تشکیل دیں اور او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلا کر عملی حکمتِ عملی کا اعلان کرے۔انہوں نے کہا کہ حماس کے بہادر رہنما خلیل الحیہ کی شہادت محض ایک فرد کا نقصان نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ۔کیلئے اور پوری انسانیت کیلئے آزمائش ہے۔

یہ شہادت صیہونی ریاست کی بربریت کو بے نقاب کرتی ہے اور یہ دکھاتی ہے کہ اسرائیل انسانیت کے کسی اصول کا پابند نہیں ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی اسرائیل کے اصل پشت پناہ ہیں۔ جو طاقتیں انسانی حقوق کے نام پر دنیا کو دھوکہ دیتی ہیں وہی اسرائیل کی کھلی حمایت کرکے اس خونریزی میں برابر کے شریک ہیں۔ امریکہ نے اپنی منافقت سے دنیا کے سامنے انسانی حقوق کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف فلسطین یا قطر کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کا امتحان ہے۔ اگر آج عرب اور مسلم حکمران عملی قدم نہ اٹھائیں تو کل مکہ، مدینہ اور دیگر مقدسات بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ یہ وقت صرف بیانات کا نہیں بلکہ جہاد، قربانی اور اتحاد کا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام قطر کے عوام اور حماس کے بہادر رہنماؤں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ہم شہدائ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ امت مسلمہ کو ان قربانیوں سے سبق لینا چاہیے اور اسرائیل کے خلاف عملی میدان میں آنا ہوگا۔اسرائیل اپنے مظالم کے بوجھ تلے بہت جلد اپنے عبرتناک انجام کو پہنچے گا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ظلم کبھی دائمی نہیں رہا۔ امت مسلمہ جب ایک صف میں کھڑی ہوگی تو اسرائیل کا ناپاک وجود صفحہ ہستی سے مٹ کر رہ جائے گا۔