Live Updates

جلال پور پیروالہ کے 50 موضع جات سیلاب سے متاثر، 2 لاکھ 35 ہزار 2 سو 96 افراد محفوظ مقامات پر منتقل کیے ، کمشنر ملتان

منگل 9 ستمبر 2025 22:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے جلالپور پیروالہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی۔ کمشنر کے مطابق دریائے چناب کے سیلابی ریلے کے باعث جلالپور پیروالہ کے کم از کم 50 موضع جات شدید متاثر ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے دن رات جاری ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک دو لاکھ پینتیس ہزار دو سو چھیانوے افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایک لاکھ اسی ہزار تین سو ستتر مویشی بھی متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر پہنچا دیے گئے ہیں۔کمشنر عامر کریم کا کہنا تھا کہ سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور امدادی سرگرمیوں کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرہ علاقوں کی مانیٹرنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ ہدایت کی گئی ہے کہ ریلیف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ تمام متاثرین کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر نے واضح کیا کہ تمام متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی تک ریسکیو آپریشن جاری رہے گا اور متاثرہ آبادی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات