ملک ٹیسٹنگ مہم 10 سے 30 ستمبر تک جاری رہے گی، بلوچستان فوڈ اتھارٹی

منگل 9 ستمبر 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت اور خالص غذائی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی ملک ٹیسٹنگ مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک ٹیسٹنگ مہم 10 ستمبر سے 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں اور محلوں میں دودھ کے نمونے چیک کیے جائیں گے تاکہ ہر طرح کی ملاوٹ کو بے نقاب کیا جا سکے۔

عوام کو بھی یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں یا مارکیٹ سے لایا گیا دودھ بی ایف اے کی موبائل لیبارٹریوں میں بالکل مفت ٹیسٹ کروا سکیں۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ مذکورہ مہم عوام کی صحت کے تحفظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

بی ایف اے کا مقصد صرف کارروائی نہیں بلکہ ملاوٹ کے خاتمے کے لیے پائیدار نظام قائم کرنا ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی خالص دودھ سے مستفید ہو سکیں۔

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق اتھارٹی کی آپریشن ٹیمیں دن رات عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ خالص دودھ عوام کا بنیادی حق ہے اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی اس حق کی فراہمی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ آج سے شروع ہونے والی مہم صرف آغاز ہے، اصل کامیابی تب ہوگی جب ملاوٹ کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، موبائل لیبارٹریوں سے استفادہ کریں اور ملاوٹ کے خلاف بی ایف اے کا ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :