سعودی عرب ، ولی عہد کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، شام کے لیے مزید امدادی منصوبوں کا خیرمقدم

بدھ 10 ستمبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض میں ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں مقامی اور عالمی امور زیر غور آئے۔ایس پی اے کے مطابق وزرا کونسل کے ہفتہ واری اجلاس کے آغاز میں ولی عہد نے ارکین کابینہ کو حالیہ رابطوں سے آگاہ کیا جن میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ہونے والی ملاقات کے علاوہ فرانسیسی صدر ایمانویل میکروں اور ہالینڈ کے وزیر اعظم سے ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو بھی شامل تھی۔

کابینہ نے علاقائی اورعالمی امور کا جائزہ لیتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم کی جانب سے فلسطینیوں کو اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنے کے بیانات اور محاصرے و بھوک کے ذریعے جبری ہجرت پرمجبور کرنے کی پالیسی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا۔

(جاری ہے)

ارکین نے اس بات پر زوردیا کہ اسرائیل کی جانب سے مسلسل بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزیوں کا عالمی برادری نوٹس لے۔

وزیر اطلاعات سلمان الدوسری نے کابینہ کے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ارکین کابینہ کی جانب سے شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے شام کے عوام کے لیے نئے فلاحی اورترقیاتی منصوبوں کا خیرمقدم کیا جن میں غذائی تحفظ، صحت ، تعلیم ، رہائش اور معاشرے کی بحالی کے شعبوں میں امداد فراہم کرنا شامل ہے۔ارکین کابینہ نے سعودی ، برطانوی اسٹرایٹجک شراکت داری کونسل کی اقتصادی و سماجی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے نتائج کو بھی سراہا۔