دہشتگردی میں ملوث سعودی شہری کی سزائے موت پر عمل درآمد

بدھ 10 ستمبر 2025 08:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث سعودی شہری سلطان بن عامر الشھری کی سزائے موت پر عمل درآمد کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری سلطان الشھری کو بیرونی دہشتگرد تنظیم کے ساتھ رابطہ رکھنے اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔

دوران تحقیقات انکشاف ہوا کہ ملزم نے قانون کو مطلوب افراد کو پناہ بھی دی تھی جس پر اس کے خلاف مقدمہ دائر کر کے فوجی عدالت میں سماعت کی گئی۔عدالت میں جرم ثابت ہونے پر اسے سزائے موت کا حکم سنا دیا گیا۔ابتدائی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کورٹ سے رجوع کیا گیا جہاں جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ابتدائی سزا کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔