Live Updates

چیچہ وطنی،ضلعی انتظامیہ نے اب تک سیلاب سے متاثر ہونے والے 14115 افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا ہے،ڈپٹی کمشنر شاہد محمود

بدھ 10 ستمبر 2025 11:24

چیچہ وطنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ نے اب تک سیلاب سے متاثر ہونے والے 14115 افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچایا ہے جن میں 8595 کا تعلق تحصیل ساہیوال اور 5520 تحصیل چیچہ وطنی سے ہے۔ اسی طرح 18472 جانوروں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ دریائے راوی میں سیلابی کیفیت کے باعث ضلع ساہیوال کے 91 مواضعات متاثر ہوئے ہیں جن میں 51 موضع جات تحصیل ساہیوال اور 41 موضع جات تحصیل چیچہ وطنی میں واقع ہیں۔

اس قدرتی آفت سے کل 17735 افراد متاثر ہوئے جن کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 13 فلڈ ریلیف کیمپس، 7 فلڈ ریسکیو 1122پوسٹس، 13میڈیکل کیمپس، 12کلینک آن ویل، ایک فیلڈ ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 10719افراد کا علاج کیا گیا ہے اور سیلاب سے متاثرہ48872افراد تک کھانا پہنچایا گیا ہے اور 2600افراد تک راشن پہنچایا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے قائم کردہ ویٹرنری کیمپوں میں 4153 جانوروں کا علاج بھی کیا جا چکا ہے اور176060 کلوگرام چارہ بھی تقسیم کیا جاچکا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ سیلاب سے زرعی شعبہ بھی متاثر ہوا ہے اور اب تک 61628ایکڑ زرعی اراضی بھی متاثر ہوئی ہیں جن میں 32019ایکڑ تحصیل ساہیوال اور 29609ایکڑ تحصیل چیچہ وطنی میں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے یقین دہانی کروائی کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن وسائل بروئے کار لا کر عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی اور سیلاب سے متاثرہ افراد کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :