نامورسیاسی و تحریکی شخصیت محمد اشرف علوی کی وفات پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں دعائیہ مجلس کا انعقاد

بدھ 10 ستمبر 2025 14:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) تحریک آزادی کشمیر کے سینئر رہنماؤں شہید ایس حمید، سید شبیر احمد شاہ اور شہید شیخ عبدالعزیز کے قریبی و دیرینہ ساتھی، نامور سیاسی و تحریکی شخصیت محمد اشرف علوی کی وفات پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا گیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق اجلاس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر جناب غلام محمد صفی نے کی، جس میں حریت رہنماؤں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء نے محمد اشرف علوی کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں اور ان کی تحریکی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نہایت نفیس، مخلص اور اصولوں پر قائم رہنے والے رہنما تھے، جنہوں نے اپنی زندگی کا ہر لمحہ جدوجہدِ آزادی کے نام وقف کیا۔

(جاری ہے)

ان کی وفات سے تحریک آزادی ایک مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے، جن کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔

دعائیہ مجلس میں فلسفۂ موت پر بھی گفتگو ہوئی اور کہا گیا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے جس سے کوئی ذی نفس مفر حاصل نہیں کر سکتا۔ البتہ خوش نصیب وہ لوگ ہیں جو اپنی زندگیاں اعلیٰ مقاصد اور حق کی راہ میں قربان کر کے دائمی کامیابی حاصل کرتے ہیں۔اس موقع پر مرحوم رہنما محمد اشرف علوی کے ایصال ثواب، بلندیٔ درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ساتھ ہی ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔دعائیہ مجلس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما محمود احمد ساغر، میڈم شمیم شال، شیخ محمد یعقوب، اعجاز رحمانی، زاہد صفی، زاہد اشرف، نزیر کرناہی، عبدالمجید میر، تنظیر احمد، غلام نبی اور سیکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محمد اشرف علوی مرحوم کے مشن اور مقصد کو جاری رکھا جائے گا اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔