ریاست بھرکے عارضی ملازمین کسمپرسی کا شکار دربدراور سراپا احتجاج ہیں ، عبدالباسط اعوان

بدھ 10 ستمبر 2025 16:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن مظفرآباد عبد الباسط اعوان اور راہنما مسلم لیگ ن گوجرہ خورشید احمد قریشی نے کہا ہے کہ کنٹیجنٹ اور عارضی ملازمین کی مستقلی،صحت سہولت کارڈ کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر باعث اذیت اور موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیوں کا مظہر ہے۔ ریاست بھر کے عارضی ملازمین کسمپرسی کا شکار دربدر سراپا سوال و احتجاج ہیں،تمام بڑے ہسپتالوں، ڈی ایچ کیوز،بی ایچ کیو، میں ادویات کا نام تک نہیں،نہ سرنج اور کینولا میسر ہے،سونے پر سہاگہ سی ایم ایچ مظفرآباد میں گزشتہ ایک عرصہ سے سٹی سکین مشین خراب پڑی ہے اور دیگر قیمتی مشینری زنگ آلود ہو رہی ہے۔

آزاد جموں وکشمیر بھر میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی بدانتظامی کی داستانیں زبان زدِ عام و خاص ہیں۔

(جاری ہے)

عبدالباسط اعوان اور خورشید احمد قریشی نے کہا کہ حکومت آزاد جموں وکشمیر کے پاس اربوں روپے مختص ہونے کے باوجود دو سال سے صحت سہولت کارڈ کی اجرائیگی میں حائل رکاوٹوں کو دور نہیں کیا جا سکا۔عارضی ملازمین کو مستقل نہیں کیا جا سکا،میڈیکل کالج کے ملازمین اور بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکیں۔

انہوں نے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ نرسری سے گریجویشن تک مفت تعلیم،یکساں نظام تعلیم، صحت کے مراکز میں ایمرجنسی کا نفاذ،بلدیاتی ملازمین اور میڈیکل کالج کے ملازمین کو فری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور عارضی ملازمین کو مستقل کیا جائے اور متوسط طبقات کو صحت تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کے بنیادی انسانی آئینی کرادر کا تقاضا ہے کہ عوام کو یہ سہولیات مہیا کی جائیں۔انھوں نے آزاد جموں وکشمیر بھر میں تعلیمی اداروں کی نامکمل عمارتوں اور سٹاف کی کمی،سہولتوں کے فقدان پر حکومت آزاد جموں وکشمیر کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے آنے والے موسم سرما کی آمد سے پہلے پہلے ہنگامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔