موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی ٹیمپرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، ایس پی سیف سٹی عامرمشتاق

بدھ 10 ستمبر 2025 17:03

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ایس پی سیف سٹی پراجیکٹ سرگودھا عامر مشتاق نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی ٹیمپرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گااور ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام نے ای چالان سے بچنے کے لیے اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹس کی ٹیمپرنگ کر رکھی ہے جن کی چیکنگ کے دوران پکڑے جانے پر نہ صرف موٹر سائیکل اور گاڑی بند ہوگی بلکہ ایسے افراد کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

ایس پی سیف سٹی نے کہا کہ نمبر پلیٹ کی ٹیمپرنگ کرنا سنگین جرم ہے اور دیکھا گیا ہے کہ سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں پلیٹ کی ٹیمپرنگ کی شکایات بہت زیادہ ہیں جس پر ٹریفک پولیس کو متحرک کر دیا گیا ہے اور کہا گیاہے کہ تمام چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں اور موٹر سائیکل کی نمبرز پلیٹ کو خصوصی طور پر چیک کیا جائے اور جن لوگوں نے نمبر پلیٹس کی ٹیمپرنگ کر رکھی ہے یا اُنہیں جان بوجھ کر چھپا رکھا ہے اُن کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایس پی سیف سٹی عامر مشتاق نے کہا کہ تمام شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازم کریں تاکہ اُن کی اور دوسروں کی قیمتی جانیں بچانے میں مدد مل سکے۔

متعلقہ عنوان :