خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں بیسک سائنسز میں 60 کامیاب فارغ التحصیل پی ایچ ڈی سکالرز کے اعزاز میں تقریب کاانعقاد

بدھ 10 ستمبر 2025 17:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور میں بیسک میڈیکل سائنسز کے 60 کامیاب فارے التحصیل پی ایچ ڈی سکالرز کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔کے ایم یو پشاور تر جمان کے مطابق یہ تقریب انسٹیٹیوٹ آف بیسک میڈیکل سائنسز کے ممتاز محقق مرحوم ڈاکٹر جعفر خان کے نام سے منسوب کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اور تعلقات عامہ بیرسٹرڈاکٹر محمد علی سیف تھے جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق، فیکلٹی ممبران، محققین اور انتظامی عملہ بھی موجود تھا۔ افتتاحی کلمات ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر ظل ہما نے پیش کیے جبکہ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عنایت شاہ ڈائریکٹر آئی بی ایم ایس نے پی ایچ ڈی پروگرامز کی کامیابیوں کا جائزہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر سمیع سراج نے سکالرز کی تحقیقی خدمات پر روشنی ڈالی اور پروفیسر ڈاکٹر یاسر یوسفزئی ڈائریکٹر پی ایچ آر ایل نے مرحوم ڈاکٹر جعفر خان کی علمی و تحقیقی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ریجنل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ناصر شاہ نے اپنے تاثرات میں کہا کہ کے ایم یو کے سکالرز قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں تحقیقی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر جعفر خان مرحوم کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ 60 پی ایچ ڈی سکالرز کی کامیابی کے ایم یو کے اس عزم کی عکاس ہے کہ یہاں طلبہ کو معیاری اعلیٰ تعلیم اور جدید تحقیق کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2011 میں کے ایم یو نے ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا سطحی آغاز کیاتھا، جو اس وقت خیبر پختونخوا میں نہ ہونے کے برابر تھے جبکہ آج کے ایم یو ملک کی واحدطبی جامعہ ہے جو بیسک میڈیکل سائنسز کے سترہ شعبوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے سب سے زیادہ اعلیٰ تحقیقی پروگرامز پیش کر رہی ہے اور قومی سطح پر تربیت یافتہ محققین فراہم کر رہی ہے۔

مہمانِ خصوصی بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ کے ایم یو آج ملک میں طبی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کا مرکزِ فضیلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات صحت اور تعلیم ہیں اور کے ایم یو کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کا سب سے بڑا کمال انسانیت اور صحت کی خدمت ہے جبکہ پی ایچ ڈی کا حصول ایک نئے سفر کی شروعات ہے جسے عملی زندگی میں دوسروں کی خدمت کے لیے بروئے کار لانا ہوگا۔

اس موقع پر بیرسٹر سیف نے آئی بی ایم ایس کے تحت ڈاکٹر جعفر خان بائیوکیمسٹری لیبارٹری اور فیملی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ویل بینگ سینٹر کا افتتاح بھی کیا۔ ڈائریکٹر فیملی میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر جلیل خان نے انہیں بتایا کہ ویل بینگ سینٹر اسٹریس اور ڈپریشن کے خاتمے کے لیے قائم کیا گیا ہے جہاں یونیورسٹی ملازمین کے ساتھ ساتھ عام مریضوں کو بھی یہاں کے مخصوص ماحول میں سٹریس سے نجات میں مدد اور راہنمائی فراہم کی جائے گی۔

بیرسٹر سیف نے ویل بینگ سینٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سینٹر کاقیام وقت کی اہم ضرورت ہے اور صوبائی حکومت اس ماڈل کو دیگر سرکاری دفاتر اور اداروں میں بھی متعارف کرانے کی سفارش کرے گی۔بعد ازاں بیرسٹر سیف نے کے ایم یو جنرل ہسپتال کا دورہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ ہسپتال نہ صرف مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ یونیورسٹی سے منسلک ہونے کی وجہ سے یہاں مختلف امراض پر جدید تحقیق کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔