راولپنڈی میں چائلڈ لیبر کے خلاف کارروائی، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی بچوں کو سکول میں داخل کرانے کی ہدایت

بدھ 10 ستمبر 2025 17:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) پنجاب حکومت کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں تمام ورکشاپس، ہوٹلوں اور اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چائلڈ لیبر ایک معاشرتی ناسور کی شکل اختیار کرچکی ہے جسے ختم کرنا ناگزیر ہے۔

حکام نے اس مسئلے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی بچہ مزدوری میں ملوث نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے اضلاع کی تعلیمی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ضلعی و ڈویژنل حکام کے ساتھ مل کر ایسے محروم اور پسماندہ بچوں کی نشاندہی کریں جو ورکشاپس، ہوٹلوں اور بھٹوں پر کام کرنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا ہے کہ ان بچوں کا داخلہ لازمی طور پر باقاعدہ سکولوں میں کرایا جائے جبکہ بڑی عمر کے بچوں کو شام کی کلاسز میں داخل کیا جائے۔

ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ان بچوں پر مکمل نگرانی کا نظام بنایا جائے تاکہ وہ تعلیم کے عمل میں تسلسل کے ساتھ شامل رہیں اور سکول چھوڑنے کی نوبت نہ آئے۔مراسلے میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ہدایات حرف بہ حرف نافذ ہوں۔

متعلقہ عنوان :