نعمان اظہر، چیف افسر زِندگی، کامن ویلتھ بزنس ایکسی لینس ایوارڈز میں ٹاپ 50 سی ای اوز انڈر 50 میں شامل

بدھ 10 ستمبر 2025 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)جے ایس بینک کے زیر انتظام کام کرنے والے ادارے زندگی کے چیف آپریٹنگ آفیسر، نعمان اظہرکو کوالالمپور، ملیشیا،میں منعقدہ ، کامن ویلتھ سمِٹ کے دوران کامن ویلتھ بزنس ایکسی لینس ایوارڈز میں50 برس سے کم عمر کے ٹاپ 50 سی ای اوز میں شامل ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔کامن ویلتھ بزنس ایکسی لینس ایوارڈز، ہر سال، دولت مشترکہ کے رکن ممالک سے تعلق رکھنے والے اداروں اور شخصیات کو عالمی سطح پر بہترین کارکردگی، صارفین سے وابستگی، اخلاقیات، پائیداری، اور فلاحی کاموں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دئیے جاتے ہیں۔

نعمان اظہر زِندگی، کی قیادت سنہ2021 سے کر رہے ہیں جب جے ایس گروپ کے تحت اس ڈیجیٹل بینکنگ سروس کو قائم کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

نعمان اظہر کی سربراہی میں تیار کردہ اندرونِ خانہ ٹیکنالوجی اسٹیک کی بدولت، زِندگی پورے پاکستان میں جنریشن زی اور کے لیے تیزی سے مقبول ہونے والا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔انہوں نے پاکستان میں عوامی و نجی شراکت داری کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مالیاتی خدمات کے شعبے میں تقریبا دو دہائیوں کے تجربے کے ساتھ، وہ ڈیجیٹل تبدیلی لانے اور مالی شمولیت کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی ایک مثر اور معتبر شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔اس سے قبل بھی،نعمان اظہر کو متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں پاکستان ڈیجیٹل ایوارڈزکے تحت دیا جانے والاڈیجیٹل لیڈر آف دی ایئر کا ایوارڈ شامل ہے۔ انہیں پاکستان فِن ٹیک نیوز نیٹ ورک کی جانب سے سنہ2024میں پاکستان کے سرفہرست 25 فِن ٹیک اثر و رسوخ رکھنے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا۔اس کے علاوہ، انہیں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سابق صدر، عارف علوی کی جانب سے پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں بے مثال خدمات کے اعتراف میں کامن ویلتھ بزنس ایکسی لینس ایوارڈز سے بھی نوازا جا چکاہے۔