نیپال کے ہنگاموں میں بھارتی خاتون سیاح پھنس گئی، روتے ہوئے ویڈیو وائرل

ویڈیو میں خاتون سیاح رو رو کر بھارتی حکومت اور سفارت خانے سے مدد کی اپیل کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں، رپورٹ بھارتی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ایڈوائزری جاری کردی ،نیپال کا سفر مؤخر کرنے اور موجودہ رہائش گاہوں میں محفوظ رہنے کی ہدایت

بدھ 10 ستمبر 2025 20:16

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)نیپال میں ہونے والے ہنگاموں میں بھارتی خاتون سیاح پھنس گئی، روتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی۔نیپال میں سوشل میڈیا پابندی کے خلاف شروع ہونے والے نوجوانوں کے مظاہرے پرتشدد ہنگاموں میں بدل گئے ہیں، ہزاروں مظاہرین بدعنوانی اور اقربا پروری کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے جس کے نتیجے میں جھڑپوں میں اب تک 20 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیرِاعظم کے پی شرما اولی احتجاجی دباؤ کے باعث استعفیٰ دینے پر مجبور ہوگئے۔اسی دوران ایک بھارتی خاتون سیاح اوپستھا گل کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں اس نے پوکھرا میں اپنے خوفناک تجربے کی روداد بیان کی۔خاتون سیاح نے کہا کہ جس ہوٹل میں وہ مقیم تھیں، اسے مشتعل ہجوم نے آگ لگا دی جبکہ وہ سپا میں موجود تھیں اور لاٹھی بردار مظاہرین ان کا پیچھا کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اوپستھا گل کے مطابق وہ بمشکل جان بچانے میں کامیاب ہوئیں تاہم ان کا سارا سامان جل گیا۔ویڈیو میں خاتون سیاح رو رو کر بھارتی حکومت اور سفارت خانے سے مدد کی اپیل کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔خاتون نے کہا کہ یہاں حالات بہت خراب ہیں۔ مظاہرین سڑکوں اور عمارتوں کو آگ لگا رہے ہیں اور سیاحوں کو بھی نہیں بخش رہے۔ میں بھارتی حکومت اور سفارتخانے سمیت سب سے درخواست کرتی ہوں کہ ہمیں یہاں سے نکالیں۔بھارتی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے نیپال کا سفر مؤخر کرنے اور موجودہ رہائش گاہوں میں محفوظ رہنے کی ہدایت کی ہے۔