قطرپرحملہ پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی آپریشن جیسا ہے، نیتن یاہو

جمعرات 11 ستمبر 2025 16:33

قطرپرحملہ پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی آپریشن جیسا ہے، ..
تل ابیب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے قطر پر فضائی حملے کو پاکستان میں اسامہ بن لادن کے خلاف کیے گئے امریکی آپریشن سے تشبیہ دے دی۔ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ 11 ستمبر امریکا کے لیے سب سے المناک دن تھا، اسی طرح 7 اکتوبر کا دن یہودی عوام کے لیے بدترین المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے نائن الیون کے بعد دہشت گردوں کو ڈھونڈ کر ختم کرنے کا عزم کیا اور وہ جہاں بھی تھے، انہیں نشانہ بنایا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل نے بھی اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے قطر میں ان دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جو 7 اکتوبر کے حملوں کے ذمہ دار تھے۔ ان کے مطابق قطر نہ صرف انہیں پناہ دیتا ہے بلکہ مالی اور پرتعیش سہولیات بھی فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی بالکل اسی طرح کی گئی جیسے امریکا نے افغانستان میں القاعدہ کے جنگجوں اور پاکستان میں اسامہ بن لادن کو نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے تنقید کرنے والے ممالک کو شرم دلانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جب امریکا نے اسامہ بن لادن کو مارا تو کسی نے پاکستان یا افغانستان کے لیے افسوس نہیں کیا بلکہ دنیا نے امریکا کی تعریف کی تھی۔ ان کے مطابق اب دنیا کو اسرائیل کے اقدامات کی بھی حمایت کرنی چاہیے۔نیتن یاہو نے سخت مقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ میں قطر اور دیگر ممالک کو خبردار کرتا ہوں کہ یا تو دہشت گردوں کو ملک سے نکالیں یا انہیں عدالت میں لائیں، ورنہ ہم خود کارروائی کریں گے۔