تنازع نہیں چاہتے لیکن مفادات کا تحفظ کریں گے، امریکی وزیردفاع کی چینی ہم منصب سے گفتگو

جمعرات 11 ستمبر 2025 17:39

تنازع نہیں چاہتے لیکن مفادات کا تحفظ کریں گے، امریکی وزیردفاع کی چینی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان شان بارنل نے کہا ہے کہ وزیر پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے چینی ہم منصب ڈونگ جون کو واضح کیا ہے کہ واشنگٹن چین کے ساتھ تنازع نہیں چاہتا لیکن ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے میں اپنے اہم مفادات کا تحفظ کرے گا۔ ٹیلی فونک کال کے بارے میں ایک بیان میں بارنل نے مزید کہا کہ وزیر ہیگسیتھ نے واضح کیا کہ امریکہ چین کے ساتھ تنازع نہیں چاہتا اور نہ ہی نظام کو تبدیل کرنا یا عوامی جمہوریہ چین کا گلا گھونٹنا چاہتا ہے۔

لیکن اس کے ساتھ ہی انہوں نے واضح طور پر اس بات پر زور دیا کہ واشنگٹن کے ایشیا اور بحر الکاہل کے خطے میں اہم مفادات ہیں اور وہ ان مفادات کا بھرپور دفاع کرے گا۔ بارنل نے بتایا کہ بات چیت کھلی اور تعمیری تھی اور ہیگسیتھ اور ڈونگ مزید بات چیت کرنے پر متفق ہوئے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف چینی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق چینی وزیرِ دفاع نے امریکہ کو خبردار کیا ہے چین کو زیر کرنا، روکنا یا اس کے معاملات میں مداخلت کرنا بیکار ثابت ہوگا۔

دونوں سٹریٹجک مخالفین نے تائیوان اور جنوبی بحیرہ چین کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر ڈونگ جون نے ایک ویڈیو کال کے ذریعے اپنے امریکی ہم منصب سے کہا کہ آزادی کی حمایت کرنے کے لیے یا چین کو زیر کرنے کے لیے تائیوان کو استعمال کرنے کی کسی بھی مداخلت یا کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :