نیپال میں سابق وزیراعظم اور موجودہ وزیر خارجہ پر نوجوان مظاہرین نے لاٹھیاں برسا دیں، ویڈیو وائرل

بدھ 10 ستمبر 2025 20:16

کھٹمنڈو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)نیپال کے سابق وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ وزیر خارجہ ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا کو نوجوان مظاہرین نے لاٹھیوں سے مارا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نیپال میں جاری کرپشن کے خلاف احتجاجی مظاہروں کی ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔

ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان مظاہرین سابق وزیر اعظم کو لاتیں مارتے، گھونسے مارتے اور لاٹھیوں سے مارتے پیٹتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ وزیر خارجہ پر بھی مکے برسائے گئے۔ مظاہرین نے ان کی رہائش گاہ کو بھی نقصان پہنچایا۔نیپال کی وزیر خارجہ ڈاکٹر آرزو رانا دیوبا ماضی میں چار بار وزیر اعظم کے منصب پر فائز رہنے والے شیر بہادر دیوبا کی اہلیہ ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل پٴْرتشدد ہنگاموں کے دوران نیپال کے سابق وزیراعظم جھالا ناتھ کھنل کی اہلیہ کو زندہ جلا دیا گیا۔نیپال میں نوجوان کرپشن کے خلاف اس وقت سڑکوں پر نکل آئے جب حکومت نے سوشل میڈیا سائٹس سمیت 26 ویب سائٹس پر پابندی عائد کی۔نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور دیگر شہروں میں کرفیو کے باوجود صدر رام چندر پوڈیل اور وزیراعظم کے پی شرما اولی کی رہائش گاہ کو بھی نذرِ آتش کیا گیا تھا۔